حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء اسمبلی ہند نے ممتاز سنی عالم دین، محدث، محقق اور مفکر مولوی سید سلمان حسینی ندویؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں امتِ مسلمہ کا ایک بے باک، حق گو اور علمی شخصیت قرار دیا ہے۔ اسمبلی نے کہا کہ مرحوم کی دینی، علمی اور دعوتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
شیعہ علماء اسمبلی ہند کی جانب سے جاری تعزیتی پیغام حسب ذیل ہے:
إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
ممتاز عالمِ دین، عظیم محدث، جلیل القدر محقق، بے باک داعی اور حق گو مفکر مولانا سید سلمان حسینی ندوی رحمہ اللہ کے وصال کی خبر گہرے رنج و غم کا سبب بنی۔
مرحوم نے اپنی علمی، تدریسی، تحقیقی اور دعوتی خدمات کے ذریعے امتِ مسلمہ کی رہنمائی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ بالخصوص اہلِ بیتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت، فضیلت، مظلومیت، واقعۂ غدیر، مباہلہ، امامت، واقعۂ کربلا اور تاریخِ اسلام کے متعدد اہم حقائق کو جرأت، دیانت اور مضبوط علمی استدلال کے ساتھ پیش کیا۔ حق گوئی کے اس راستے میں انہیں شدید مخالفت، تنقید، بے جا الزامات اور فتووں کا سامنا بھی کرنا پڑا، لیکن انہوں نے کبھی حق کے اظہار میں مصلحت کو راہ نہیں دی۔
شیعہ علماء اسمبلی، ہند مرحوم کی ان علمی و دینی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ ان کا وصال صرف ان کے اہلِ خانہ ہی نہیں بلکہ پوری علمی و فکری دنیا کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے۔
اسمبلی نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی صالح خدمات کو شرفِ قبولیت عطا کرے، خدمتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کا بہترین اجر عنایت فرمائے، ان کے پسماندگان، تلامذہ، متعلقین اور مریدین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور ان کے علمی آثار اور مشن کو زندہ رکھنے کی توفیق مرحمت فرمائے۔"









آپ کا تبصرہ